اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ روزنامہ 92 نیوز نے ہمیشہ مثبت صحافتی اقدار کو روشناس کرایا ، ملک میں جمہوریت کی بحالی و استحکام کے لئے جمہوری قوتوں کا ساتھ دیا اور ان کے نقطہ نظر کو اُجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ،روزنامہ 92 نیوز اور اس کی ٹیم کو کامیاب اشاعت کی دوسری سالگرہ کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، اپنے پیغام میں صدر نے کہا اعلیٰ صحافتی روایات کی وجہ سے روزنامہ92 نیوز کا شمار ملک کے مقبول اخبارات میں ہوتا ہے اور ملک کے طول و عرض میں انتہائی دلچسپی سے پڑھا جاتا ہے ، روزنامہ 92 نیوز نے نہ صرف قومی سطح پر معاشرے کے مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کی ترجمانی کی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کے مثبت تشخص کو اُجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ، میں دعا گو ہوں کہ روزنامہ 92 نیوز کی کامیابیوں کا سفر یونہی جاری رہے اور امید کرتاہوں کہ روزنامہ اپنی شاندار صحافتی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے معاشرے سے برائیوں کے خاتمے ، ملک میں جمہوریت کے استحکام اور عوامی مسائل کو منظر عام پر لانے کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔وزیراعظم عمران خان نے روزنامہ 92 نیوز کو ملک گیر اشاعت کے دوسال مکمل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ میں اخبارکے مدیر، اس سے وابستہ صحافیوں، قلم کاروں سمیت پوری ٹیم کے لیے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کرتا ہوں،روزنامہ 92 نیوز نے پیشہ وارانہ صحافت کی عمدہ مثال قائم کی ، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور نظام حکومت میں اصلاح کی خاطر روزنامہ 92 نیوز کی خدمات قابلِ تعریف ہیں، میری جماعت ملک میں اظہار رائے کی آزادی اور جمہوری اقدار کے استحکام کے لیے کی جانے والی جدوجہد میں اہل صحافت کے شانہ بشانہ رہی ، میں یہ سمجھتا ہوں کسی بھی جمہوری معاشرے کی تعمیر آزاد اور متحرک میڈیا کے بغیر شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتی، تحریک انصاف اور میری حکومت دیگر شعبہ ہائے زندگی کی طرح شعبہ صحافت کی نمو اور آزادی اظہار کے مکمل تحفظ کے لیے کوشاں ہے ،میری دعا ہے کہ روزنامہ 92 نیوز شب و روز ترقی کی جانب گامزن رہے اور ملک و قوم کی خدمت میں اپنا حصہ ڈالتا رہے ، اﷲ تعالیٰ روزنامہ 92 نیوز اور اس سے وابستہ افراد کا حامی و ناصر ہو۔