لاہور،مریدکے ،اوکاڑہ،چیچہ وطنی ، ساہیوال ، شیخوپورہ،سیالکوٹ (کرائم رپورٹر،92نیوز رپورٹ ، نمائندگان 92نیوز)ٹریفک کے المناک حادثات و ٹرین تلے آنے سے 2بھائیوں سمیت 11افراد جاں بحق ہو گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور باغبانپورہ کے علاقے سلامت پورہ سٹاپ داروغہ والا سٹاپ کے قریب سڑک کراس کرتے ہوئے 35سالہ محمد امین موٹر سائیکل کا ہینڈل سر پر لگنے کے نتیجے میں جاں بحق ہو گیا ۔مریدکے میں جی ٹی روڈکالاشاہ کاکوکے قریب ٹرک نے موٹرسائیکل سوار3افرادکوکچل دیا،تینوں افرادموقع پر دم توڑگئے ،ریسکیوکے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دوبھائی اورانکاکزن شامل ہیں ۔اوکاڑہ میں نذیر مسیح سائیکل پر جا رہا تھا کہ کارنے ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ۔دوسرے حادثہ میں جناح سٹیڈیم ڈی ایس پی سکول کے سامنے نامعلوم40سالہ شخص کوٹرین نے کچل دیا۔ چیچہ وطنی،ساہیوال میں ہڑپہ سٹیشن کے قریب کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار عدیل جاں بحق جبکہ ساتھی وسیم کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔ پولیس نے نامعلوم ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے ۔اسی طرح گاؤں 16/14-L کا رہائشی آصف اپنی بیوی اور کمسن بیٹی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ اسکی بیوی کا دوپٹہ موٹر سائیکل کے پہیہ میں پھنس گیا جس سے خاتون کا گلا دب گیا اور دم گھٹنے سے اس کی موت واقع ہو گئی۔ شیخوپورہ میں تھانہ فیروزوالہ کے علاقہ رچنا ٹاؤن کے قریب مزدا ویگن نے موٹرسائیکل سوار نوجوان کو ٹکر مار کر کچل دیا جبکہ خانقاہ ڈوگراں کے قریب تیز رفتار موٹرسائیکل سوار پل سے ٹکراکر نہر میں ڈوب گیاڈوبنے والے موٹر سائیکل سوار کی شناخت نہیں ہو سکی۔ سیالکوٹ میں رنجہائی کا رہائشی جواں سالہ عمر چاند موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ پل نہر چیمہ کے قریب کار سے ٹکرا کر سڑک پر گر پڑا اور پیچھے سے آنے والے تیز رفتار مٹی سے لدی ٹریکٹر ٹرالی کے نیچے آکر کچلا گیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔