لاہور (خصوصی رپورٹ ) آئین کے آرٹیکل 149 کے مطابق بعض صورتوں میں صوبوں کیلئے ہدایات ہیں۔ جس کے تحت (1) ہر صوبہ ایگزیکٹو اتھارٹی کا استعمال اس طرح کرے گا کہ وہ وفاق کی ایگزیکٹو اتھارٹی میں حائل نہ ہو یا اسے نقصان نہ پہنچائے اور وفاق کی ایگزیکٹو اتھارٹی کسی صوبے کو ایسی ہدایات دینے پر وسعت پذیر ہوگی جو اس مقصد کیلئے وفاقی حکومت کو ضروری معلوم ہوں۔ (2) چھوڑ دیا گیا۔(3) وفاق کی ایگزیکٹو اتھارٹی کسی صوبے کوا یسے ذرائع مواصلات کی تعمیر اور نگہداشت کیلئے ہدایات دینے پربھی وسعت پذیر ہوگی جنہیں ہدایت میں قومی یا تذویراتی اہمیت کا حامل قرار دیا گیا ہو۔(4) وفاق کی ایگزیکٹو اتھارٹی کسی صوبے کو ایسے طریقے کی بابت ہدایت دینے پر بھی وسعت پذیر ہوگی جس میں اس کے عاملانہ اختیار کو پاکستان یا اس کے کسی حصے کے امن یا سکون یا اقتصادی زندگی کیلئے کسی سنگین خطرے کے انسداد کی غرض سے استعمال کیا جانا ہو۔