لاہور( این این آئی )صوبائی وزیر کوآپریٹو مہر محمد اسلم بھروانہ نے کہا ہے کہ زراعت کی ترقی کے لئے کاشتکاروں سے مشاورت کے عمل کو تیز کریں گے ،زراعت کو فروغ دے کر قومی وسائل بڑھائے جا رہے ہیں،حکومت زرعی شعبے کو فروغ دینے کے لیے حد درجہ سنجیدہ ہے اس مقصد کے لیے نئے بیج اور پاکستانی فصلوں پر ریسرچ کی جارہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنے دفتر میں کسانوں کے نمائندگان سے ملاقات کی۔ملاقات میں کاشتکاروں کوآسان اقساط پر کواپریٹو بینک کی جانب سے قرضہ جات کی فراہمی،انہیں درپیش مسائل،زراعت میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات، بجٹ میں تجویز کردہ اقدامات اور شعبہ زراعت کو فروغ دینے کی پالیسیوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ غربت اور بے روزگاری جیسے مسائل پر بھی کوآپریٹو بینک کی جانب سے دیے جانیوالے قرضہ جات سے چھوٹے کسانوں کے ذریعے زراعت کوفروغ دے کر قابو پایا جا رہا ہے ۔چھوٹے کسانوں کوٹریکٹرز اور زرعی آلات نہایت سہل قابل ادائیگی شرائط پر قرضے فراہم کرکے نہ صرف ہزاروں لوگوں کو اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے میں محکمہ معاونت فراہم کررہا ہے بلکہ ملکی معیشت میں اپنا مثبت کردار ادا کررہا ہے ۔