دوحہ(نیٹ نیوز)امریکی نمائندہ خصوصی برائے امن عمل زلمے خلیل زاد نے تمام فریقین سے تشدد میں کمی لانے کا مطالبہ کردیا۔زلمے خلیل زاد نے کابل میں افغان حکومت کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد گزشتہ روز دوحہ میں طالبان رہنماؤں سے ملاقات کی تھی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کئے گئے ٹوئٹ میں زلمے خلیل زاد نے کہا کہ میں نے طالبان سے کہا کہ تمام فریقین کی جانب سے تشدد ختم کیا جانا چا ہئے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے ملا برادر اور طالبان کے سیاسی روابط سے تعلق رکھنے والے اراکین سے لگاتار 3 ملاقاتیں کیں جن میں امریکہ طالبان معاہدے میں شامل انٹرا افغان مذاکرات، فوج کے انخلا اور تشدد میں بتدریج کمی سے مستقل جنگ بندی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔گزشتہ روز افغان طالبان کے سپریم لیڈر ملا ہبت اللہ اخوندزادہ نے دشمنی ترک کرنے کی شرط پر اپنے مخالفین کیلئے عام معافی کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ معاشرے کے ہر مرد و عورت رکن کو اس کا حق دیا جائے گا۔