لاہور(خصوصی نمائندہ، این این آئی ) صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں کی غیر ملکی دوروں پر شاہ خرچیاں ہوشربا ہیں،عوام جاننا چاہتے ہیں کہ قومی خزانے سے سیر سپاٹے کیوں کیے گئے ؟ ،غریب عوام کے ٹیکس کیسے ہڑپ کیے گئے ،یہ تمام حقائق اب منظر عام پر لا کر عوام کو بتائے جائیں گے ۔ اپنے ایک بیان میں سید صمصام بخاری نے کہا کہ عوام یہ پوچھنے کا حق رکھتے ہیں کہ اربوں کی جائیدادوں کے مالک سیاست دانوں کو قومی خزانہ لوٹنے کا حق کس نے دیا۔ پنجاب کے نام نہاد خادم اعلیٰ نے بھی قومی خزانے سے لوٹ مار کی ایسی ہی مثال قائم کی۔ شہبازشریف کئی ایک کیمپ آفس اور ہیلی کاپٹرز استعمال کرتے رہے اور تنخواہ نہ لینے کا ڈرامہ کر کے انہوں نے کروڑوں روپے اپنی ذات پر لگائے ۔