لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف بہترین رزلٹ دینے کی کوشش کریں گے ۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کپتان نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ہار کا کوئی پریشر نہیں ،آئی لینڈرز کی طرح غلطیاں نہیں دہرائیں گے بلکہ بنگلہ دیش کے خلاف بہترین رزلٹ دینے کی کوشش کریں گے ۔کپتان نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر قیادت اعزاز کی بات ہے ، بیٹنگ ہمارا اصل ہتھیار ہوگا ہمارے پاس نمبر 1 سے 9 تک بہترین بیٹسمین موجود ہیں، بنگال ٹائیگرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ یا بولنگ کرنے کا فیصلہ کل وکٹ دیکھ کر کروں گا،میرے خیال میں اس وکٹ پر 180سے 190اچھا اسکور ہوگا۔بابر اعظم نے کہا کہ بنگلا دیشی کھلاڑی اچھی کرکٹ کھیل کر آئے ہیں، مقابلہ خوب ہو گا۔ بنگال ٹائیگرز کے خلاف ہماری تیاریاں بہترین ہیں، چار پریکٹس میچز بھی کھیلے ہیں، بہترین نتائج دینے کی کوشش کریں گے ۔ وکٹ سلو لگ رہی ہے ، سیریز کے میچوں کے دوران بھی پچ سلو ہوگی۔ایک سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ شعیب ملک سینئر کھلاڑی ہیں ان کی موجودگی میں بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔ شعیب ملک اور محمد حفیظ کی واپسی میری خواہش پر ہوئی، شعیب ملک اور محمد حفیظ کو تینوں میچوں میں موقع دیں گے ، احسان علی اور حارث رؤف کو ڈیبیو کرا سکتے ہیں۔دوسری طرف بنگلادیشی کپتان محمود اللہ کا کہنا تھا ہم پاکستان میں اچھی کرکٹ کھیلنے آئے ہیں، سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے ، پاکستان ٹی ٹونٹی کی نمبر ون ٹیم ہے لیکن ریٹنگ سے فرق نہیں پڑتا، بنگلہ دیش پریمیئر لیگ سے کئی نئے کھلاڑی منظر عام پر آئے ، تمیم اقبال، مستفیض الرحمان سمیت دیگر کھلاڑی موجود ہیں، سینئر کھلاڑیوں کی کمی ضرور محسوس ہو رہی ہے ، سکیورٹی کے حوالے سے کوئی تحفظات نہیں، پاکستان میں کرکٹ کا بہترین ماحول ہے ۔