کراچی (سپورٹس رپورٹر) پاکستان میں سیکورٹی انتظامات پر سری لنکن وفد اور بورڈ مطمئن ، پاکستان میں جلد ٹیسٹ میچز کے حوالے سے اچھی خبریں سامنے آئیں گی۔سری لنکا کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ٹیسٹ چیمپئن کے دو ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلئے مثبت اشارہ دے دیا ،اس ضمن میں سری لنکا کے وزیر کھیل ہیریل فرنینڈو نے کہا ہے کہ پاکستان میں سکیورٹی انتظامات سے مکمل مطمئن ہیں ،ٹیسٹ سیریز کیلئے حکومت اور کھلاڑیوں کو پاکستان میں کھیلنے کے لئے قائل کرنے کی کوشش کریں گے ،حتمی فیصلہ حکومت نے کرنا ہے ،یہ بات انہوں نے پیر کی شام نیشنل سٹیڈیم میں پی سی بی کے چیئر مین احسان مانی ،سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر شامی سلوا اور سیکریٹری موہن سلوا کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کھیلنا ہمارے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہے ،پاکستان نے بھی مشکل وقت میں اپنی انڈر19ٹیم سری لنکا بھیجی تھی ،پاکستان ہمارا برادر ملک ہے اور یہاں سے ہماری اچھی یادیں وابستہ ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی سے ہمیشہ سے اچھے تعلقات رہے ہیں ،ہماری کوشش ہے کہ پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ مکمل بحال ہو ۔پی سی بی چیئر مین احسان مانی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ مکمل طور پر بحال ہو رہی ہے ،آئندہ بنگلہ دیش کی ٹیم آئے گی جبکہ آسٹریلیا اور دیگر ٹیموں سے بھی دورے کے لئے بات چیت ہو رہی ہے۔