لا ہو ر،اسلام آباد(نمائندہ خصوصی سے ،کرائم رپورٹر، نامہ نگار،وقائع نگارخصوصی ،جنرل رپورٹر )انفارمیشن گروپ گریڈ 21کے افسر سعید جاوید ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی وِنگ وزارتِ اطلاعات تعینات کر دیئے گئے ۔ سعید جاوید وزیر اعظم آفس میں جوائنٹ سیکرٹری میڈیا تعینات تھے ۔ تقرری کے منتظر تبریز صادق مری کی خدمات سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے سپرد کر نے کے علاوہ کیپٹن (ر) سمیع اﷲ فاروق کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ ) کی اضافی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔مس نور العین فاطمہ کی7 سے 13ستمبر تک کی بیرون ملک رخصت منسوخ جبکہ مس صباء عادل کو 31اکتوبر سے 9نومبر 2019تک عمرہ کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب اور دبئی جانے کی بیرون ملک رخصت منظور کرلی گئی ۔علاوہ ازیں حکومت پنجاب نے 7ملازمین کو گریڈ17میں ریگولر بنیادوں پرترقی دینے کے احکامات جاری کر دئیے ۔ ترقی پانے والوں میں 1اسسٹنٹ کمشنر، 4پرائیویٹ سیکرٹریزاور 2سپرنٹنڈنٹس شامل ہیں۔ ملازمین کو ترقی 30ستمبر کو ہونے والے محکمانہ پروموشن بورڈ میں ہونے والے فیصلوں کی روشنی میں دی گئی ہے ۔سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ترقی پانے والوں میں منظور حسین اسسٹنٹ کمشنر (ریونیو ) گوجرانہ، پرائیویٹ سیکرٹریز میں اعجاز احمد پرائیویٹ سیکرٹری برائے سیکرٹری ہاؤسنگ، غلام مصطفیٰ جٹ سیکشن آفیسر (ایڈمن II) ایس اینڈ جی اے ڈی ، سہیل سیکشن آفیسر(کرنٹ چارج ) محکمہ زراعت، سجاد حسین سیکشن آفیسر(کرنٹ چارج)چیف سیکرٹری آفس، اعظم سیکشن آفیسر( کرنٹ چارج) سکولز ایجوکیشن جبکہ آصف رحمان سپرنٹنڈنٹ (پرسانل فور) ایس اینڈ جی اے ڈی اور ماجد ولد عبد الرشید سپرنٹنڈنٹ محکمہ خزانہ پنجاب شامل ہیں۔ادھر پی آئی اے کے مختلف شعبہ جات میں میرٹ پر ترقیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ پی آئی اے کے شعبہ پسنجر ہینڈ لنگ لاہور کے 18 افسران کوگروپ 5 سے گروپ6 میں ترقی کے خط جاری کر دیئے گئے ۔ لاہور سے ترقی پانے والوں میں چودھری عنصر، سید احمد گیلانی، رائے شرافت علی، عظمت جاوید گوندل، عبدالوحید، اسد ملک، جبران اصغر چیمہ، شہباز قمر، کاشف مجید، ارشد عزیز، شاہد لطیف، مختار احمد، نوشین خالد، غزالہ شاہد، سائرہ خورشید، روبینہ حمید اور رابیل افضال شامل ہیں۔دریں اثنا صوبائی حکومت نے 14اضلاع میں مراکز صحت کو چلانے والی’’ پنجاب ہیلتھ فیسلٹی مینجمنٹ کمپنی ‘‘کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکا انتخاب کر دیا ۔نوٹیفکیشن کے مطابق سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر ، سیکرٹری خزانہ ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب ، چیف ایگزیکٹو پنجاب ہیلتھ فیسلیٹی مینجمنٹ کمپنی ، سابق سیکرٹری پنجاب میڈیکل فیکلٹی ڈاکٹر ارشد الحق عثمانی ، پروفیسر جویریہ منان ، ریٹائرڈ بیوروکریٹ سہیل احمد اور مینجنگ پارٹنر آئی آر آئی ایس کمیونیکیشن ہما مقصود شامل ہیں ۔دوسری طرف آئی جی پنجاب کیپٹن (ر)عارف نواز خان نے 4 پولیس افسروں کے تقرر و تبادلے کے احکامات جاری کردیئے ۔جس کے مطا بق ایم اشرف کو ڈی ایس پی لیگل ٹوبہ ٹیک سنگھ،شاہد محمود شیخ کو سنٹرل پولیس آفس لاہور رپورٹ ،طارق عظیم کو ٹریفک برانچ پنجاب لاہور ،عامر حسین باجوہ کو ڈی ایس پی انویسٹی گیشن III پنجاب لاہور رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ۔