حسن ابدال،اٹک ، اسلام آباد،شیخوپورہ،قصور ( نمائندہ 92نیوز، نامہ نگار ،مانیٹرنگ ڈیسک، سپیشل رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹرز )مسافر بس کھائی میں گرنے سے 15 افراد جاں بحق،درجنوں زخمی ہو گئے دیگر حادثات میں2 بھائیوں سمیت3 افراد نے زندگی سے تعلق توڑ دیا تفصیلات کے مطابق حسن ابدال کے قریب موٹر وے پر المناک حادثے میں 15 افراد جا ں بحق ،35 شدید زخمی ہو گئے ۔ لاہور سے مردان جانے والی مسافر بس برہان انٹرچینج کے قریب موٹر وے پر کار کو بچاتے ہوئے تیز رفتاری کے باعث گہری کھائی میں گرگئی،حادثہ کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے اور بد قسمت بس میں موجود زخمیوں اور جا ں بحق ہونے والے افراد کو ٹی ایچ کیو حسن ابدال پہنچایا، حادثے میں 5ماہ کی بچی اور خاتون سمیت 15 افراد جاں بحق ہو ئے جبکہ35 شدید زخمی ہو گئے جن کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا،مرنے والوں میں اشفاق علی، محمد سلمان، وقاص ، محمد کامران ، حمیدہ، محمد رؤف ، خدیجہ عمر5ماہ، ہارون اور دیگر شامل ہیں۔شیخوپورہ کے پرانا نارنگ منڈی روڈ پر تیز رفتار کار نے موٹرسائیکل سوار وں کو ٹکر ماردی جس پر سوار دو سگے بھائی جاں بحق ہوگئے جبکہ کار بے قابو ہوکر کھیتوں میں جاگری، اس المناک حادثہ اور بھائیوں کی ہلاکت کی خبر سن کر بہن بھی صدمے سے چل بسی ، ان بھائیوں میں شہزاد احمد اور خادم شامل ہیں جو اپنی بہن کو عید دینے کیلئے جارہے تھے راستہ میں حادثہ کا شکار ہوگئے ،جب بہن کوعیدی کی بجائے دوبھائیوں کی نعشیں دیکھنے کو ملیں تو وہ خود بھی صدمہ برداشت نہ کرتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔ قصور میں محسن اپنے والد عبدالمجید کے ساتھ موٹرسائیکل پر چونیاں کے نزدیک جار ہا تھاکہ مخالف سمت سے آنے والی کوسٹر نے ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں عبدالمجید موقع پر جاں بحق جبکہ اس کا بیٹا محسن زخمی ہو گیا۔