مانچسٹر(سپورٹس ڈیسک) کرکٹ ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔ 240کے ہدف کے تعاقب میں کوہلی الیون 221 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ نیوزی لینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 240رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز روہت شرما اور لوکیش راہول نے کیا تاہم بھارتی ٹاپ آرڈر نیوزی لینڈ کے بولرز کے سامنے بے بس دکھائی دیا اور صرف5رنز پر3بیٹسمین پولین لوٹ گئے ، روہت شرما، لوکیش راہول اور ویرات کوہلی نے صرف ایک ایک رن بنایا اور آئوٹ ہوگئے ۔24 رنز پر 4کھلاڑی آئوٹ ہونے کے بعد رشپ پنٹ اور ہاردیک پانڈیا نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، دونوں کے درمیان 47رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم رشپ پنٹ32رنز بناکر آئوٹ ہوگئے ۔ساتویں وکٹ کی شراکت میں مہیندرا سنگھ دھونی اور رویندرا جڈیجا کے درمیان116رنز کی شراکت قائم ہوئی، رویندرا جڈیجا نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور77رنز بنائے تاہم چھکا مارنے کی کوشش میں وہ کیچ آئوٹ ہوگئے جب کہ اگلے ہی اوور میں دھونی 50رن بناکر رن آٹ ہوگئے ۔بھارتی ٹیم مقررہ 49.3اوورز میں221رنز ہی بناسکی، نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے 3، ٹرینٹ بولٹ اور مچل سانٹنر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل آج جب نیوزی لینڈ نے اپنی نامکمل اننگز 211رنز 5 وکٹوں کے نقصان پر شروع کی تو صرف15رنز کے اضافے کے بعد راس ٹیلر رن ائوٹ ہوگئے جب کہ اگلی ہی گیند پر ٹام لیٹھم بھی کیچ ائوٓٹ ہوگئے ۔آخری 4اوورز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کچھ خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی اور مقررہ 50اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر صرف 239رنز ہی بناسکی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے راس ٹیلر نے 74اور کپتان کین ولیمسن نے 67رنز کی اننگز کھیلی۔گزشتہ روز نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگز کا آغاز مارٹن گپٹل اور ہینری نکولس نے کیا تاہم مارٹن گپٹل صرف ایک رن بناکر آٹ ہوگئے ، دوسری وکٹ پر کپتان ولیمسن نے نکولس نے محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کو آگے بڑھایا تو 69کے مجموعے پر نکولس بولڈ ہوگئے ، کپتان نے تجربہ کار راس ٹیلر کے ساتھ تیسری وکٹ پر 65رنز جوڑ ے ، اس دوران ولیمسن نے نصف سنچری اسکور کی تاہم وہ 134کے مجموعی اسکور پر کیچ آٹ ہوگئے ، ولیمسن نے 95گیندوں پر 67رنز بنائے جس میں 6 چوکے بھی شامل تھے ۔نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 162 رنز پرجیمس نیشن کی صورت میں گری جو تجربہ کار راس ٹیلر کا ساتھ چھوڑ گئے ، انہوں نے صرف12رنز بنائے جب کہ گرینڈ ہوم 16 رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہوگئے تاہم 46 عشاریہ ایک اوورز میں تیز بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا تھا، کیوی ٹیم نے 46اعشاریہ ایک اوورز میں 5وکٹوں پر 211رنز بنائے تھے ۔ٹورنامنٹ رولز کے مطابق دونوں سیمی فائنلز اور فائنل کے لئے ریزرو ڈے رکھا گیا تھا۔ نیوزی لینڈ نے دوسرے دن کھیلتے ہوئے مقررہ اورز میں 240رنز کا ہدف دیا ۔آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان آج جمعرات کو دوسرا سیمی فائنل کھیلا جائے گا۔