اسلام آباد (خبرنگار) ملک میں غذائی ایمرجنسی لگانے اور پھل و سبزیوں کی برآمد روکنے کیلئے سپریم کورٹ میں آئینی پٹیشن دائر کر دی گئی ہے ۔ منگل کو وکیل ذوالفقاربھٹہ نے آئین کے آرٹیکل 184/3کے تحت کورونا وائرس کی پیش نظر سبزی اورپھل بیرون ملک بھیجنے پر پابندی عائد کرنے اور لوگوں تک خوراک کے ضروری سامان کی فراہمی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائرکی ۔درخواست میں کینو اور سبزیوں کو بیرون ملک بھیجنے پر پابندی کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاک ڈاون اور برآمد کے باعث سبزیوں اور پھلوں کی دستیابی مشکل اور مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہے ،کرونا وائرس کا اولین علاج قوت مدافعت کا مضبوط ہونا ہے ، ملک میں کینو ڈھائی سے 300روپے فی درجن فروخت ہو رہا ہے ،مہنگے داموں پھل خریدنا غریب کیلئے ناممکن ہے ،سبزیوں اور پھلوں کی وافر اور سستے داموں فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کی جائیں۔