کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کوبھی تیزی کا تسلسل برقرار رہا اور کے ایس ای100انڈیکس مزید 219.64پوائنٹس اضافے سے 35978.16پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیاجبکہ55.67فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیاجس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں28ارب2کروڑ روپے بڑھ گئے البتہ کاروباری حجم جمعرات کی نسبت20.83فیصدکم رہا ۔گزشتہ روزملکی معاشی اشاریوں میں بہتری اورپاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈکمپنیوں کے اچھے مالیاتی نتائج کے باعث جمعہ کوحکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤس سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے ٹیلی کام ،سیمنٹ ،توانائی،کیمیکل، فرٹیلائزراور فوڈزسمیت دیگرمنافع بخش سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس 36047پوائنٹس کی بلندسطح پر بھی ریکارڈ کیاگیا بعد ازاں انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا لیکن تیزی کا رجحان غالب رہااورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس219.64پوائنٹس اضافے سے 35978.16پوائنٹس پر بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس107.12پوائنٹس اضافے سے 16753.51پوائنٹس،کے ایم آئی30 انڈیکس 509.37پوائنٹس اضافے سے 58944.35 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 113.70 پوائنٹس اضافے سے 25730.62پوائنٹس پربندہوا ۔ گزشتہ روزمجموعی طورپر370کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 206کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،144کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ20کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔