لاہور (کرائم رپورٹر،سپیشل رپورٹر) مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سنٹرل جیل کوٹ لکھپت میں عید کے دوسرے روز اپنے بھائی سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کی۔ جیل ذرائع کے مطابق شہباز شریف و دیگر اہلخانہ کی عید کی چھٹیوں میں میاں نواز شریف سے ملاقات ہوم سیکرٹری پنجاب کی خصوصی اجازت سے ہوئی۔ منگل کی دوپہر شہباز شریف، کیپٹن(ر) صفدر، جنید صفدر، ماہ نور صفدر اورمیاں نواز شریف کی ہمشیرہ سنٹرل جیل کوٹ لکھپت پہنچیں جہاں انہوں نے میاں نواز شریف سے دو گھنٹے تک ملاقات کی۔ میاں نواز شریف نے دوپہر کا کھانا بھی اپنے اہلخانہ کیساتھ کھایا۔ ذرائع کے مطابق شہبازشریف نے گلے لگ کر نوازشریف کو عید کی مبارکباد دی۔ ملاقات کے دوران شہباز شریف نے نواز شریف سے ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور مریم نواز اور حمزہ شہباز سے عید کے روز نیب آفس لاہور میں ہونے والی ملاقات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔