لندن (مانیٹرنگ ڈیسک )صدر ن لیگ شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر میں نے سیاسی پناہ کی درخواست کی ہے تو ثبوت لائیں۔ لندن میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا سیاسی پناہ کی خبریں بے بنیاد ہیں،عمران خان جھوٹ بول کر عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں، قوم اس کاحساب لے گی،غلط بیانی کی کوئی حد ہوتی ہے ،میرے کچھ میڈیکل ٹیسٹ تھے اور حمزہ کو 20 سال بعد اﷲ تعالیٰ نے بیٹی سے نوازامگر پیدائش کے پہلے ہفتے میں ہی اس بچی کی ہارٹ سرجری ہوئی تھی ،اس کیلئے بھی میں لندن آیا،میرے میڈیکل ٹیسٹ کافی ہوچکے ہیں اور کچھ ہورہے ہیں ، جونہی ٹیسٹ مکمل ہونگے تو بہت جلد بجٹ سیشن سے پہلے پاکستان پہنچ جائوں گا،ہم نے مشرف دور کی چیرہ دستیاں برداشت کیں،11جون 2004کو میں نے تمام تر خطرات کو نظر انداز کیا اور پاکستان گیا مگر مشرف انتظامیہ نے ائیرپورٹ سے ہی مجھے جدہ واپس روانہ کردیا، نوازشریف پاکستان آئے ،انہیں بھی مشرف نے واپس بھیج دیا۔علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور شہباز شریف کے ترجمان عطااﷲ تارڑنے کہا ہے کہ شہباز شریف نے برطانیہ میں سیاسی پناہ کے لئے کوئی درخواست نہیں دی،سیاسی مخالفین شہبازشریف کے برطانیہ میں سیاسی پناہ لینے کے ثبوت دیں یا پھر قوم سے معافی مانگیں۔