لاہور،راولپنڈی(جنرل رپورٹر،اپنے رپورٹر سے )وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد نے راولپنڈی کے بے نظیربھٹوہسپتال، ہولی فیملی ہسپتال اورڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرزہسپتال کادورہ کیا ۔ڈاکٹریاسمین راشدنے سرکاری ہسپتالوں کے خصوصی ڈینگی وارڈزکے علاوہ مختلف وارڈزکادورہ کرکے مریضوں کی عیادت کی اورطبی سہولیات کا دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کے علاج میں غفلت پرایم ایس سیدھاگھرجائیگا۔ ڈینگی کے تدارک کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے 100بستروں پر مشتمل ہسپتال کی سہولت فوری طور پر مہیا کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر ہارون جہانگیرنے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے ہلال احمر ہسپتال کووائس چانسلر آر ایم سی ہسپتال کی تحویل میں دے دیا ہے جس کیلئے ضروری سازو سامان کی فوری ضرورت ہے ۔یاسمین راشد نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ضروری اشیا ء کی فراہمی کو فوری طور پریقینی بنایا جائے جبکہ پی ایچ ایف ایم سی ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف مہیا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہترہورہے ہیں۔ کرپٹ ن لیگ نے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کابیڑہ غرق کرنے میں کوئی کسرنہیں چھوڑی۔ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے ادویات کی فراہمی کویقینی بنایاجارہاہے ۔