لاہور(وقائع نگار، 92 نیوز رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی سینٹ الیکشن کیلئے سرگرم ہوگئے ، اتحادیوں سے ملاقاتیں شروع کردیں ۔ گزشتہ روزسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے ملاقات کی، رکن قومی اسمبلی چودھری مونس الہٰی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے ا مور، سیاسی صورتحال اور سینٹ الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں حکومتی اتحادکے تمام امیدوارکامیاب ہوں گے ۔ ہمارے امیدوار توقع سے زیادہ ووٹ لے کر جیتیں گے ۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سینٹ الیکشن کے حوالے سے اتحادی ایک پیج پر ہیں ۔رکن قومی ا سمبلی مونس الہٰی نے کہاکہ سینٹ الیکشن میں حکومتی اتحاد کو کامیابی ملے گی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے پنجاب بھر کے ہونہار و مستحق طلبہ کیلئے رحمت للعالمین ؐ سکالر شپ پروگرام کا آغاز کر دیا ۔وزیراعلیٰ نے سکالر شپ کی ویب سائٹ کا بھی افتتاح کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سکالر شپ کا اجرا اعزاز ہے ۔ انٹرمیڈیٹ اور بی ایس آنرزکرنے والے 14891 طلبہ کو مجموعی طور پر 41 کروڑ 70لاکھ روپے کے وظائف دے رہے ہیں اوراسے بتدریج بڑھا یاجائے گا۔ اگلے بجٹ میں سکالر شپ کو ایک ارب روپے اوردائرہ کار دیگر پروفیشنل ڈگری ہولڈرز تک وسیع کیا جائے گا۔سکالرشپ50 فیصد میرٹ پر ہونہار طلبہ کو اور 50 فیصد ضرورت مند اور نادار طلبہ کو دیئے جائیں گے ۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے ہائر ایجوکیشن پورٹل کا آغاز کر دیا گیاہے ۔سکالر شپ کے لئے شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے آن لائن سسٹم اور کوائف کی آن لائن تصدیق کا اہتمام کیا گیاہے ۔ سکالر شپ بینکوں کے ذریعے فراہم کئے جائیں گے ۔طلبا وطالبات موبائل کے ذریعے اس ایپ پر اپلائی کرسکیں گے ۔ سکیم میں حکومت پنجاب کے درجہ ایک سے چار تک کے ملازمین کے بچوں کا کوٹہ بھی مختص کیاگیاہے ۔ بعدازاں وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں محکمہ صحت کی کارکردگی،یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام اورخود مختار میڈیکل انسٹیٹیوشن ایکٹ میں ترامیم کا جائزہ لیا گیا ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے دسمبر2021تک پنجاب کے ہر شہری کو یونیورسل ہیلتھ کوریج کارڈ دینے کا فیصلہ کیاہے ۔صوبے میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالو ں کادائرہ کارمزید بڑھائیں گے ۔راجن پور،لیہ، اٹک اور سیالکوٹ میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں کاجلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خود مختار میڈیکل انسٹی ٹیوشن ایکٹ میں ضروری ترامیم کی اصولی منظوری دے دی ۔ترامیم سے میڈیکل انسٹی ٹیوشن میں پرنسپلز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کی تقرری کے طریقہ کار اور دیگر امور کو سٹریم لائن کیاجاسکے گا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے آپریشن ردالفساد کے 4سال مکمل ہونے پر مسلح افواج کی بے مثال کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے پریس کلب کے سینئر ممبرہمایوں سلیم کی والدہ اور رپورٹر نوین علی کے والد کے ا نتقال پرگہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہار کیا۔