لاہور(جنرل رپورٹر)سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کیپٹن (ر) ثاقب ظفر کی زیر صدارت ٹیچنگ ہسپتالوں کے سربراہان کا اجلاس منعقدہوا ۔ اجلاس میں میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ز، پرنسپل اور ٹیچنگ ہسپتالوں کے سربراہان نے شرکت کی ۔اجلاس میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی ، بائیو میڈیکل طبی آلات کی موجودہ حالت ، ہسپتالوں کی صفائی کے صورتحال کے بارے میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر کو مختلف رپورٹیں پیش کی گئیں۔اجلاس میں او پی ڈی ، ایمرجنسی وارڈ اور ان ڈور میں فراہم کی جانیوالی طبی سہولیات کے جائزہ لیا گیا ۔سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈمیڈیکل ایجوکیشن کیپٹن (ر)ثاقب ظفر نے ہدایات دیں کہ مریضوں کو مفت علاج فراہم کرنے کے حوالے سے کوئی کسر نہ چھوڑ ی جائے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہو گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم سیٹزن شکایت سیل سے موصول ہونیوالی شکایات کو فوری ازالہ کیا جائے ۔