لاہور(خصوصی نمائندہ،92نیوزرپورٹ)پنجاب کابینہ نے وبائی امراض سے بچائو اور ان پر کنٹرول سے متعلق آرڈیننس 2020ء کی منظوری دیدی جس کے تحت عوام کی نقل وحرکت کو کنٹرول کیا جا سکے گا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنی اور اپنی کابینہ کے ارکان کی ایک ماہ کی تنخواہ کرونا بچاؤ فنڈز میں دینے کا اعلان کر دیا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پنجاب کابینہ کے اجلاس میں منظور آرڈیننس ’’The Punjab Infectious Diseases Prevention & Control Ordinance,2020 ‘‘کے تحت کسی بھی شخص کو علاج کی غرض سے گھر سے سرکاری ہسپتال منتقل کیا جا سکے گا۔کسی بھی شخص کو گھر میں ایک مقررہ وقت تک رہنے کا پابند کیا جا سکے گا۔کسی بھی خطرناک مرض پر قابوپانے کیلئے ضلعی انتظامیہ اپنے اختیارات استعمال کر سکے گی۔آرڈیننس کی خلاف ورزی پر دس ہزار روپے سے پچاس ہزار روپے تک جرمانہ یا چھ ماہ تک قید کی سزا ملے گی۔دکانوں میں کام کرنیوالے کار کنوں کے حوالے سے قانون کے مسودہ کی ابتدائی منظوری دیدی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے پنجاب کابینہ کے 28ویں اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے بارے میں ویڈیولنک کے ذریعے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سکولوں میں قبل ازوقت گرمیوں کی تعطیلات کرنے اورتعطیلات کے دوران نجی سکولوں کی فیسوں میں کمی کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے او ریہ کمیٹی آئندہ 7روز میں اپنی سفارشات پیش کریگی جس کی روشنی میں مزید اقدامات کئے جائینگے ۔ موجودہ صورتحال کرفیو ہے نہ لاک ڈاؤن بلکہ حکومت نے عوام کی زندگیوں کی حفاظت کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں۔پنجاب حکومت نے آرٹیکل 245کے تحت فوج کی خدمات بھی حاصل کی ہیں۔ پنجاب کابینہ نے آرڈیننس کے مسودے کی اصولی منظوری دیدی ہے ،لاہورمیں 3 ٹیسٹنگ لیبارٹریزکو لیول تھری اپ گریڈکرنے کا فیصلہ کیاہے جبکہ راولپنڈی،گوجرانوالہ،ڈی جی خان،فیصل آباداوربہاولپور میں 5نئی لیول تھری لیبز قائم کرنے کی منظوری دی ہے جس کیلئے 62کروڑ روپے کی منظوری دی ہے ۔ وزیرقانون بشارت راجہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جواپوزیشن جماعتوں کی پارلیمانی پارٹیوں سے رابطہ کر کے مشکل گھڑی میں ملکر کام کرنے کی راہ ہموار کریگی۔ اجلاس میں کرونا کا علاج کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنیوالے گلگت بلتستان کے شہید ڈاکٹر اسامہ ریاض کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ہم پنجاب میں کرونا وائرس کے مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف عمل ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کو بھی تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ پنجاب حکومت نے محکمہ صحت کو 11ارب روپے کے فنڈز جاری کئے جس کی منظوری کابینہ اجلاس میں دی گئی ،2ارب روپے کے فنڈز پی ڈی ایم اے کو جاری کئے گئے ہیں جبکہ 60کروڑ روپے اضلاع کو فراہم کر دیئے گئے ہیں۔ پنجاب کابینہ نے بلوچستان حکومت کو ایک ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے کے فیصلے کی توثیق کی ہے ۔ فیصلہ کیا ہے کہ مستحقین میں زکوٰۃ تقسیم کا عمل ایک ماہ قبل شروع کیاجائیگا او ر تجویز وفاقی حکومت کو ارسال کررہے ہیں جبکہ بیت المال کے فنڈزکو بھی ریلیز کیا جارہاہے او ریہ فنڈز بھی مستحقین میں جلد تقسیم کئے جائینگے ۔ کابینہ نے 10 ہزار ڈاکٹرز،پیرا میڈیکل سٹاف اورہیلتھ پروفیشنلز کی خدمات حاصل کرنے کی اجازت دی ہے ، اس ضمن میں ریٹائرڈ ڈاکٹرز کی خدمات بھی حا صل کرینگے جبکہ کرونا سے جاں بحق ہونیوالے مریضوں کے لواحقین کیلئے 8لاکھ روپے مالی امداد کی منظوری دی گئی ہے ۔پنجاب حکومت عام آدمی اور غریب طبقے کی مالی مشکلات کم کرنے کیلئے معاشی پیکیج پر کام کررہی ہے ، وزیر خزانہ چند روز میں بریفنگ دینگے ۔ وجودہ حالات کے پیش نظر بلدیاتی الیکشن کو 9ماہ کیلئے موخر کرنے پر اتفاق کیاہے او راس سلسلے میں آرڈیننس کا اجراکیاجا رہاہے کیونکہ بلدیاتی الیکشن کرانے کی حتمی تاریخ 5مئی ہے ۔کابینہ اجلاس میں چیف سیکرٹری نے کروناکے حوالے سے ہنگامی پلان پیش کیا جسے منظور کرلیاگیا۔ محکمہ صحت کو ہدایت کی گئی ہے کہ ضروری حفاظتی سامان اور لباس کی خریداری جلد مکمل کی جائے ۔ پنجاب میں دفعہ 144نافذ ہے اور کرونا سے بچاؤ کے ا قدامات کی پابندی ہر صورت کرائی جائیگی، تاہم کھانے پینے کی اشیا کی ہوم ڈلیوری اورادویات، سینی ٹائزر وغیرہ کی تیاری میں استعمال ہونیوالے خام مال کا کاروبار متاثر نہیں ہوگا اورکسی بھی ایشو کی صورت میں مقامی لوگ متعلقہ انتظامیہ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ مساجد کیلئے ایس او پیز کااجرا کر دیا گیاہے ۔ اس وقت ایمرجنسی کی صورتحال ہے او رہم پوری طرح لڑنے کیلئے تیار ہیں ،محکمہ صحت نے اپنی تمام تیاریاں کررکھی ہیں ،انشاء اﷲ اس موذی مرض کو شکست دینگے ۔ قبل ازیں، وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت 90شاہراہ قائد اعظم پر پنجاب کا بینہ کے 28ویں اجلاس میں آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت پاکستان آرمی کی خدمات حاصل کرنے کیلئے ریکوزیشن کی ایکس پوسٹ فیکٹو ، پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019میں ترمیم،پنجاب ویلج،پنچائیت اور نیبرہڈکونسلز ایکٹ 2019میں ترمیم کی منظوری دی گئی جبکہ کابینہ کے 27 ویں اجلاس کے منٹس ، سٹینڈنگ کمیٹی فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 27 ویں اور 28 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ نے خصوصی دعا کرائی۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے فیروز پورروڈ پرڈور پھرنے سے نوجوان کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہار کیا جبکہ پابندی کے باوجود پتنگ بازی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے افسوسناک واقعہ پر سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی اور غفلت کے ذمہ داروں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا۔