دمشق ( نیٹ نیوز، این این این ) شام میں البوکمال کے علاقے میں طیاروں کی بمباری میں ایرانی فورسز اور اس کی ہمنوا ملیشیاؤں کے 18 ارکان کو ہلاک کر دیا ہے ۔ شام میں انسانی حقوق کے سب سے بڑے نگراں گروپ المرصد کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ "البوکمال میں ایرانی فورسز اور اس کی ہمنوا ملیشیاؤں کے کئی ٹھکانوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ اس کے نتیجے میں 18 جنگجو ہلاک ہو گئے جن کی شہریت ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی"۔ ذرائع کے مطابق عراق کے سرحد علاقے القائم کے متوازی شامی علاقے البوکمال میں 3 زور دار دھماکے سنے گئے ۔ مذکورہ ذرائع نے واضح کیا کہ دھماکوں میں عراقی ملیشیا الحشد الشعبی کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا ۔المرصد کا کہنا ہے کہ دھماکے لڑاکا طیاروں کی بم باری کے نتیجے میں ہوئے تاہم ان طیاروں کی شناخت ابھی تک نامعلوم ہے ۔