الپوری/اسلام آباد /لاہور (نمائندہ92نیوز،لیڈی رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ) شانگلہ ضلع بھر میں مون سون کے تحت تیسرے روز بھی وقفے وقفے کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا ،بارشوں سے موسم خوشگوار ہوگیا ، وادی میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگی ،بارش سے برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا ، کروڑہ میں سلائیڈنگ کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی ، وقفہ وقفہ سے بارش کے بعد یخ بستہ ہواؤں سے وادی کا موسم خوشگوار ہوگیا ہے سیاح لطف اندوز ہوتے رہے ۔ادھرجڑواں شہروں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، رات گئے ہونے والی بارش سے پھول پودے کھل اٹھے ، گرمی کی شدت میں بھی کمی آگئی۔ ہوائیں چلنے سے موسم ٹھنڈا ہوگیا۔محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں کا سلسلہ ہفتہ تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعرات کو ہزارہ، گوجرانوالہ ڈویژن، کشمیر ،راولپنڈی،لاہور، سرگودھا، مالاکنڈ،کوہاٹ ڈویژن اور اسلام آباد میں چند مقامات پر تیز ہواؤں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ تاہم راولپنڈی، مالاکنڈ، ہزارہ، بنوں ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر، کوہاٹ اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دادو ، نوکنڈی،سبی ، موہنجوداڑو میں 46، دالبندین، جیکب آباد میں 45 لاہورمیں 37ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور کا موسم گرم رہنے جبکہ آندھی اور بارش کا بھی امکان ہے ۔