کراچی(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیربرائے آبی وسائل فیصل واوڈانے کہاہے کہ شہبازشریف اوران کے بیٹے حمزہ شہبازکی ایک اورچوری پکڑی گئی،ن لیگ کی جانب سے پنجاب مویشی منڈی میں5ارب روپے کی کرپشن سامنے آگئی،اس چوری میں جولوگ ملوث تھے ان کی لسٹ بنادی گئی ہے ،یہ کیس ہم نیب اورایف آئی اے کوبھیج رہے ہیں تمام چیزیں تحریری طورپرموجودہیں چاہیں توکچھ دن میں فیصلہ ہوسکتاہے اوروہ لوگ جو جیل کے امیدوارہیں وہ لوگ مستقل امیدواربھی بن سکتے ہیں۔کراچی میں اپنی رہائش گاہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ شہباز شریف نے اپنے دورمیں پنجاب میں56جعلی کمپنیاں بنائیں،ان 56 کمپنیوں کے علاوہ بھی 12 کمپنیاں بنائی گئی تھیں اوران جعلی کمپنیوں کی آڑمیں اربوں روپے کی بے ضابطگیاں کی گئیں،ان کمپنیوں سے ہرماہ حمزہ شہبازنے 35سے 40کروڑروپے کمائے ،ان دستاویزات کے بعدبھی یہ آزادگھوم رہے ہیں ۔انھوں نے کہاکہ ڈیم فنڈ ہم سے پہلے بنا اور وہ سپریم کورٹ کے ماتحت ہے کوئی بھی ان پیسوں کے قریب نہیں جاسکتاہے جب ہمیں اس فنڈز کی ضرورت پڑے گی تو سپریم کورٹ سے درخواست کریں گے ۔