جدہ (صباح نیوز)سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے کہا ہے کہ حجاج کرام خود کو سیاسی اور فرقہ وارانہ نعروں سے دور رکھیں ،اگر کسی شخص یا گروپ کی طرف سے حج کے موقع پر سیاسی نعرے بازی اور فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کی گئی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ سعودی کابینہ کے اجلاس کے بعد جاری بیان میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے حج بیت اﷲ کے لیے آنے والے مہمانوں پر زور دیا کہ وہ حج کے موقع پر اپنی توجہ مقدس مقامات کی روحانیت کی برکات سمیٹنے ، شعائر حج کی ادائیگی اورفریضہ حج کی تعلیمات پرعمل پیرا ہونے پر مرکوز رکھیں اورہرقسم کے مذہبی اور سیاسی نعرہ بازی کی الائشوں سے خود کو دور رکھیں۔شاہ سلمان نے تمام سرکاری اور غیر سرکاری اداروں پر حجاج کرام کو مناسک کی ادائیگی کے دوران ہرممکن مدد، سہولت اور آسانی فراہم کرنے پر زور دیا۔