لاہور(جنرل رپورٹر، اپنے سٹاف رپورٹر سے ) عید الفطر پر سورج نے بھی اپنے تیور دکھائے اور عید کے تینوں دن اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ چمکتا رہااورلاہورکا درجہ حرارت 44 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ، شدید گرمی نے عوام کو چکرا کر رکھ دیاجبکہ محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی کہ آج گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے اور درجہ حرارت 45 سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر سکتا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق عید کے پہلے اور دوسرے روز لاہور کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت43 سینٹی گریڈ ریکار ڈ کیا گیا ، عید کے تیسرے دن درجہ حرارت 44 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد،موہنجوداڑ 50 ، دادو،شہید بینطیر آباد، لاڑکانہ ،پڈعیدن اوربھکر میں 49 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق آج بدھ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اورخشک جبکہ وسطی اورجنوبی علاقوں میں شدید گرم رہے گا، بعداز دوپہر کشمیر ، جنوبی پنجاب اور شمال مشرقی بوچستان میں ہوائیں چلنے اور بعض مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے ۔ گرمی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر ماہرین نے ڈی ہائیڈریشن اور گیسٹرو سے بچنے کیلئے ہدایت جاری کی کہ مشروبات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں ، پانی میں نمکیات، جیسے او آر ایس کا استعمال کیا جائے ۔