لاہور(نمائندہ خصوصی سے )حضرت سید عزیز الدین الحسنی والحسینی المعروف حضرت پیر مکی ؒ کے 829ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات آپ کے آستانہ لاہور میں جمعتہ المبارک کی رات اختتام پذیرہو گیئں۔ اختتامی دعاڈسٹرکٹ خطیب قاری غلام مہر علی نے کروائی۔ ایک روز قبل سے موسمی تبدیل کے باوجود جمعتہ المبارک کو دوسرے روز بھی عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد نے مزار حضرت پیر مکی ؒ کا رخ کیا۔ نہ صرف لاہور بلکہ بیرون شہر سے بھی مرد و خواتین زائرین نے عرس تقریبات میں شرکت کی، عقیدت کے پھول نچھاور کئے اور اپنی منتیں اتارنے کے ساتھ ساتھ مزار مبارک پر چادریں چڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا ۔ محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کی جانب سے عرس تقریبات میں شرکت کے لئے آنے والے عقیدت مندوں کو لنگر کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔اختتامی دعا میں زونل ایڈمنسٹریٹر محمد اشرف، سپریٹنڈنٹ لاہور زون کاشف علوی ،منیجر محمد رشید، امور مذہبیہ کمیٹی کے ممبران بھی شریک ہوئے ۔جبکہ اختتامی دعا کے بعد زائرین کو میٹھالنگر بھی تقسیم کیا گیا۔محکمہ اوقاف کی جانب سے سالانہ عرس تقریبات کے موقع پر سیکورٹی کے ٹرپل سٹیپ اقدامات کئے گئے تھے ۔