لاہور(کلچرل رپورٹر)علی ظفر نے گزشتہ روز اپنی 39ویں سالگرہ یورپ میں منائی ، علی ظفرکو اْن کی سالگرہ کے موقع پر دنیا بھر سے مداحوں کی جانب سیاْن کے لئے نیک خواہشات کے پیغامات کا تانتا بندھا ہوا ہے ۔علی ظفر 18مئی 1980 کو لاہور میں پیدا ہوئے ۔ انہوں نے اپنے شوبز کریئر کا آغاز ڈراموں میں اداکاری کے بعد فلم شرارت کے لیے گانے ’جگنوں سے بھرلوں آنچل‘ سے کیا تاہم ان کی پہچان ان کی پہلی البم حقہ پانی کے گانے ’چھنو کی آنکھ میں اک نشہ ہے ‘ سے بنی۔ اس گانے کی البم ’حقہ پانی‘ کی دنیا بھر میں 50 لاکھ کاپیز فروخت ہوئیں۔علی ظفر نے بالی ووڈ کی کئی سْپر ہٹ فلموں میں کام کیا۔اْن کی بالی ووڈ فلمو ں میں ’تیرے بن لادن‘، ’میرے برادر کی دلہن‘، ’لندن پیرس نیویارک‘، ’ٹوٹل سیاپا‘، ’کل دل‘، اور ’چشم بدور‘ شامل ہیں۔علی ظفر کی پہلی پاکستانی فلم ’طیفا اِن ٹربل ‘گزشتہ برس 20جولائی کو پاکستان سمیت 24 ممالک میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی۔ لازوال اداکاری اور بہترین کہانی کی بدولت یہ فلم باکس آفس پر اپنا لوہا منوانے میں کامیاب رہی۔علی ظفر کو بھارت کے معتبر فلمی ایوارڈ دادا صاحب پھالکے سے بھی نوازا گیا ۔