نیویارک( ندیم منظور سلہری سے )امریکی سکالرز نے کہاہے کہ عمران خان نے گزشتہ رات اپنے قوم سے خطاب میں ایک تیر سے کئی شکار کرتے ہوئے منی لانڈرنگ کیخلاف پیغام دے دیا،انہوں نے دنیا پر واضح کر دیا کہ وہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کے خلاف اہم اقدامات اٹھا رہے ہیں۔خطاب سے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سکالر پروفیسر بھارت پٹیل نے عمران خان کی تقریر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک تیر سے کئی شکار کر کے اپنی عوام کے بھی دل جیت لیے ہونگے ۔ پروفیسر حامد خان کے مطابق عمران خان کی مدلل اور دل میں گھر کر جانے والی تقریر نے سب کو متاثر کیا ۔ انہوں نے دونوں سیاسی خاندانوں کے خلاف چارج شیٹ پیش کر کے انہیں عوامی کٹہرے میں لاکھڑا کیا ہے ۔پروفیسر جانس جونز کا کہنا تھا کہ امریکی سفارتخانہ اسلام آباد نے عمران خان کی تقریر کا جو ڈرافٹ واشنگٹن بھجوایا ،اس سے عمران خان کی نیک نامی میں اضافہ ہو گا۔ یہ تقریر ایف اے ٹی ایف کے ہونے والے اجلاس میں کارگر ثابت ہو گی۔ میرا نہیں خیال کہ اس تقریر کے بعد پاکستان کو بلیک لسٹ میں ڈالا جائیگا۔ ندیم یوسف ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی تقریر سن کر یوں محسوس ہو رہا تھا کہ ان میں قائداعظم کی روح آگئی ہے ۔ امریکہ میں پاکستانی اور سکھ کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد نے بھی عمران خان کی تقریر کو سنا اور اس کو دور حاضر کی اہم تقریر قرار دیا۔ جسونت سنگھ کا کہنا تھا کہ کاش عمران خان جیسا لیڈر سکھوں کو بھی نصیب ہو جائے پاکستانیوں کی خوش نصیبی ہے کہ انہیں قائداعظم جیسا لیڈر ملا جس نے پاکستان بنایا اور اب عمران خان پاکستان کو ایک مضبوط ملک بنانے کے لئے جدوجہد کر رہا ہے ۔