لاہور(وقائع نگار،نمائندہ خصوصی سے )وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت نے آرٹیکل 245 کے تحت فوج سے مدد طلب کی ہے اور عسکری اور سیاسی قیادت عوام کے تعاون سے کرونا چیلنج سے بطریق احسن نمٹے گی۔ گزشتہ روزوزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس سے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ مشکل وقت میں قوم کا بھرپور ساتھ دیا ہے ۔ اجلاس میں جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل انیق الرحمٰن ملک،جنرل آفیسر کمانڈنگ 11 ڈویژن میجر جنرل محمد یوسف،ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عامر مجید،چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔شرکا نے کرونا کی روک تھام کیلئے کئے جانیوالے اقدامات اورمتاثرہ مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے تمام ترممکنہ اقدامات کرنیکا فیصلہ اور کروناسے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔حکومتی اقدامات پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے مشترکہ طور پر اقدامات کئے جائینگے ۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے کہا کہ کرونا سے نمٹنے کیلئے پنجاب حکومت کیساتھ بھرپور تعاون کرینگے ۔یہ ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے جس کیلئے اجتماعی کاوشوں کو موثر انداز میں بروئے کار لانا ہو گا۔دریں اثناوزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر کرونا سے بچاؤ کیلئے موبائل آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ سردار عثمان بزدار نے وزیر اعلیٰ آفس میں ’’گھر رہیں، محفوظ رہیں‘‘آگاہی مہم کا افتتاح کیا۔ مہم کے تحت موٹر سائیکلوں اور رکشاؤں کے ذریعے کرونا سے بچاؤ کیلئے عوام میں شعور بیدار کیا جائیگا۔ لاہور میں 250 موٹرسائیکلوں اور 50 رکشاؤں کے ذریعے گلی، محلوں میں آگاہی مہم شروع کی گئی ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لاہور میں مجموعی طور پر 850 موٹرسائیکلوں اور 500 رکشاؤں کے ذریعے عوام میں شعور بیدار کیا جائیگا۔پنجاب بھر میں 4130 موٹرسائیکلوں کے ذریعے کرونا سے بچاؤ کیلئے آگاہی مہم چلائی جائیگی۔آج پاکستان ہم سے اپنے گھروں میں رہنے کا تقاضا کرتا ہے ۔ عوام کو حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کرنا چاہئے ۔ موجودہ حالات میں شہری اپنی ذمہ داری نبھائیں۔ آج کے فاصلے شہریوں کو مستقل فاصلوں سے محفوظ بنا سکتے ہیں۔ کرونا ایک بڑا چیلنج ہے اسے ملکر ہی شکست دینگے ۔ تقریب میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، ایم پی اے مسرت جمشید چیمہ نے بھی شرکت کی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے پنجاب کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے جس میں 17 نکاتی ایجنڈا زیر غور آئیگا۔کروناسے پیدا صورتحال اور حفاظتی اقدامات پربریفنگ بھی دی جائیگی۔