لاہور (اپنے رپورٹر سے ) عید کے موقع پر شہر ی بڑی تعداد میں ا پنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لیے گئے ۔ مذہبی تہوار پر بچھڑے ہوئے عزیز اقارب کی یاد میں بہت سی آنکھیں اشک بار ہوئیں ۔ اس مو قع پر قبرستانوں میں رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے ۔ عید کے پہلے دونوں دن شہری اپنے پیاروں کی قبروں پر دعائے مغفرت کے ساتھ ساتھ پھول ڈالنے اور اگر بتیاں لگانے گئے ۔اس موقع پر بچے بھی اپنے بزرگوں کی دعائے مغفرت کر تے دیکھائی دیے ۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قبرستانوں کی صفائی میں غفلت برتنے کے باعث قبرستانوں میں گھاس اور جھاڑیاں موجود تھیں ، جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا ۔موقع کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پھول بیچنے والوں نے لوٹ مار کا بازار گرم رکھا ۔