اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، صباح نیوز )وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے غریبوں کے مال پر سیر سپاٹے کرنے والوں کا یوم حساب آگیا ہے ، سابق حکمران قوم کے مال پر بادشاہ بنے پھرتے تھے ۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا سابق حکمرانوں کے غیر ملکی دورے مال مفت دل بے رحم کے مصداق ہیں۔ اپنی چونی نہ خرچ کرنے والوں نے قوم کے سرمایہ سے کروڑوں روپے کی ٹپ دی۔یہ لٹیرے ٹپ میں قوم کا مال نہ دیتے تو آج قوم غربت سے ہلکان نہ ہوتی۔ آج اپنی اس لوٹ مار کو یہ بے شرمی سے استحقاق قرار دیتے ہیں ۔ ان کی گاڑیاں سرکاری اور بیرون ملک ذاتی دور ے بھی قوم کی جیب سے کئے گئے ۔ آج حساب کی باری آئی تو رونا دھونا ختم نہیں ہو رہا ۔ فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ حساب دیئے بغیر ان کی جان چھوٹنے والی نہیں ہے ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایک اور ٹویٹ میں کہا شاہد خاقان صاحب! آپ اور ن لیگی ترجمان پہلے یہ فیصلہ کرلیں کہ وہ کس پر غصہ اتار رہے ہیں ۔ اپنے دور حکومت میں آپ اور آپ کی قیادت کو ذاتی کاروبار سے فرصت ملتی تو آج پاکستان میں عوام کا کاروبار چل رہا ہوتا۔ اپنے دور اقتدار میں آپ نے معیشت کی گاڑی کے پہیے اتار کر اس کا انجن بھی بیچ دیا۔نواز شریف کو سزا عمران خان نے نہیں عدالتوں نے دی ہے ۔عمران خان نے آپ سے نہیں کہا تھا کہ اپنی بے گناہی میں ثبوت پیش کرنے کی بجائے قطری خط پیش کر دیں۔احسن اقبال صاحب آپ پہلے وفاقی وزیر مراد سعید کے سوالات کا جواب دیں۔آپ کے جرائم کے ثبوت سرکاری دستاویزات سے برآمد ہو رہے ہیں ان کا جواب کیوں نہیں دیتے ؟۔