لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ن لیگ کی طرف سے پی ٹی آئی کے 20 ممبران اسمبلی کے فارورڈ بلاک بنانے کی خبریں آج دم توڑ گئیں،حقیقت یہ ہے کہ ن لیگ کے 50 سے زائد ارکان پی ٹی آئی سے مستقل رابطے میں ہیں، بزدار حکومت جب چاہے انہیں پی ٹی آئی میں شامل کر سکتی ہے ،لیکن ایسی ادھیڑ بْن کی سیاست پی ٹی آئی کا وطیرہ نہیں۔ تمام ارکان نے آج وزیراعظم اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ قبل ازیں اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے دن سے ہی ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ کے حقائق پر ابہام کا شکار تھی اور اب ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے خود واضح کر دیا کہ یہ رپورٹ 2015 تا 2017 کے اعدادوشمار پر مبنی ہے ۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی وضاحت پر اپوزیشن بالخصوص ن لیگ کے رہنماؤں کو چلو بھر پانی میں ڈوب مرنا چاہیئے ،گزشتہ ڈیڑھ سال میں پاکستان سیاحت، سرمایہ کاری اور نئے کاروبار کے لیے ایک پرکشش مقام بنا ہے ۔