لارڈز (سپورٹس ڈیسک) بارہویں آئی سی سی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل 14 جولائی کو لارڈز میں کھیلا جائے گا جس میں میزبان انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ انگلش ٹیم چوتھی مرتبہ اور کیوی ٹیم دوسری مرتبہ میگا ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرے گی۔ انگلش ٹیم اس سے قبل 1979ئ، 1987ء اور 1992ء میں منعقدہ ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کا فائنل کھیل چکی ہے جبکہ کیوی ٹیم نے 2015ء میں پہلی بار ورلڈ کپ فائنل کھیلا تھا۔انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان فائنل 14 جولائی کو لارڈز کے تاریخی گرائونڈ پر کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں اب تک عالمی ٹائٹل جیتنے سے محروم ہیں اسلئے دونوں ٹیمیں تاریخ رقم کرنے کیلئے خوب جان لڑائیں گی۔انگلش ٹیم کو ہوم گرائونڈ اور کرائوڈ کا ایڈونٹیج حاصل ہو گا اسلئے عالمی ٹائٹل کیلئے اسے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے ۔ تاہم دوسری جانب کیوی ٹیم نے جس طرح سیمی فائنل میں بھارت کو قابو کیا اس کے بعد وہ بھی ٹائٹل کیلئے مضبوط امیدوار بن چکی ہے اسلئے ماہرین کرکٹ نے دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ظاہر کی ہے ۔ واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کی تاریخ میں آسٹریلوی ٹیم 5 مرتبہ عالمی ٹائٹل جیت کر سب سے کامیاب ترین ٹیم ہے ، ویسٹ انڈیز اور بھارت نے دو، دو جبکہ پاکستان اور سری لنکا کو ایک، ایک بار عالمی ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے ۔