لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا ہے کہ دنیا ادھر سے ادھر ہوجائے ختم نبوتؐ اورناموس رسالتؐ کیلئے ہم اپنا تن من دھن قربان کرنے کیلئے تیارہیں کیا ہم سے کوئی ایسی چیز سرزد ہوگئی ہے جس کی وجہ سے ہم واجب القتل ہیں تو ہمیں بتایاجائے ، میرے خیال میں ایسی باتوں سے مزید نفرت اورافراتفری پھیلے گی، جس طرح کی باتیں مولانا فضل الرحمان کی ہیں وہ سمجھ سے باہرا ور خلاف توقع ہیں۔پروگرام 92ایٹ 8میں میزبان سعدیہ افضال سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاشوں کی سیاست کی بات کرکے ہم بہت خطرناک سمت کی جانب جارہے ہیں۔ ،ہم نے مذاکراتی کمیٹی میں کہا تھا کہ اگر الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے تو انکوائری کمیشن بنالیاجائے ، دونوں جماعتوں کا بیانیہ مختلف ہے ، ن لیگ والے مذہب کا ذکر بھی گوارا نہیں کرتے جبکہ جے یو آئی والے مذہب سے شروع کرتے ہیں۔جے یو آئی ف کے رہنما مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ ہم جمہوری آئینی سیاست پر یقین رکھتی ہے ہم لاشوں کی سیاست نہیں کرتے ،اگر اللہ کے دین کی سربلندی کیلئے ہم اپنے سینوں پرگولی کھائیں تو یہ ہمارے لئے سعادت ہوگی،موجودہ حکومت دین کی سربلندی کے راستے میں رکاوٹ ، یہ ختم نبوتؐ کی دشمن بھی ہے ۔ ، ہماری تحریک جمہوریت اورآئین کی سربلندی کیلئے ہے ۔ن لیگ کے رہنما ڈاکٹر مصدق ملک نے کہاہے کہ اس میں تو کوئی شک نہیں کہ الیکشن میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی، اس وقت سیاسی طورپر ساری اپوزیشن جیل میں ہے ، ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے یہ حکومت پارلیمان کو بھی آرڈیننس کے ذریعے چلا رہی ہے ۔کیا یہ جمہوریت ہے ۔مذہب کا نکتہ جے یو آئی ف کا ہے اس کا ہم سے کوئی تعلق نہیں۔