اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو سفارتکاروں کیلئے محفوظ ملک قراردیا جا چکا ہے ، ڈپلومیٹک انکلیو کی سکیورٹی کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کی وجہ سے حالات بہت خراب ہیں، مودی حکومت کشمیر کی صورتحال پر شدید دبائو میں ہے ۔وزیر داخلہ نے کہامیں سمجھتا ہوں مولانا فضل الرحمن لانگ مارچ کرنے نہیں آئینگے ۔انہوں نے کہا 9سال بعد پولیس کے محکمے میں بھرتیاں کی جار ہی ہیں ، ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد پولیس میں 1260اہلکار بھرتی کئے جائیں گے ۔ صباح نیوز کے مطابق اعجاز شاہ نے کہا مولانا کے مطالبات پڑھیں تو ان میں سے ایک بھی مطالبہ ایسا نہیں ہے جس کا نوٹس حکومت نے نہ لیا ہو،عمران خان نے سفارتی سطح پر جو اقدامات کئے ہیں ان کے نتیجہ میں مستقبل قریب میں مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ختم ہو جائیگا،نصاب تبدیل نہیں ہو رہا،مدرسوں پر کوئی پابندیاں نہیں لگ رہیں، درحقیقت اس میں بہتری لائی جارہی ہے ۔