اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) ایف آئی اے کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مجیب الرحمٰن نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ ایف اے ٹی ایف سے متعلقہ کیسز کو ہنگامی بنیادوں پر تفتیش کے مراحل سے گزار کر عدالتوں میں پیش کیا جائے اور محکمانہ احتسابی عمل میں تیزی لائی جائے ۔ ڈاکٹر مجیب الرحمٰن کی زیر صدارت ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس ہوا جس میں اینٹی کرپشن کی کارروائیوں کو تیز کرنے اور وفاقی حکومت کے ماتحت اداروں میں کرپٹ عناصر کو بے نقاب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ اجلاس میں عوام کیلئے سروس ڈیلوری اور پبلک کمپلینٹس میکینزم کو ہدایات کے مطابق مزید فعال کرنے کا کہا گیا ہے ۔ قائم مقام ڈی جی ایف آئی اے نے ہدایات جاری کی ہیں کہ عدالت میں جاری کیسز میں تفتیش جلد از جلد مکمل کر کے ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے اور ایف آئی اے کے اندر احتساب کے عمل کو مزید بہتر کیا جائے ۔