کراچی(سٹاف رپورٹر )پاکستان میں تعینات چینی سفیرمسٹریوجنگ نے کہا ہے کہ سی پیک چین کے پاکستان کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کاشاندارعکاس ہے ، پاکستان میں چین کے کوئی فوجی یاسٹرٹیجک عزائم نہیں،مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کراچی کونسل آن فارن ریلیشنزکے تحت سی پیک پر ڈائیلاگ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے چینی سفیریوجنگ نے کہاکہ مغربی میڈیا پاکستان سے متعلق چین کے بارے میں غلط تاثرات ابھارتا رہتا ہے کہ شاید ہم پاکستان کو کالونی بنانا چاہتے ہیں،یہ مکمل غلط ہے ۔ ہم ناصرف علاقے بلکہ تمام دنیا کو رہنے کی بہتر جگہ بنانا چاہتے ہیں۔ گوادر ابھرتاہواپورٹ ہے ، ہم پاکستانی حکومت کی فری زون پالیسی کاانتظارکررہے ہیں جس کے بعد صرف گوادر میں 19 مشترکہ منصوبے شروع ہوں گے ۔ چینی سفیر نے مزید کہا کہ چین کشمیریوں کو انصاف دلانے کے لیے بھی کام کر رہا ہے ۔ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل نکالنا چاہیے ،علاقائی امن کے لیے چین پاکستان کے ساتھ ہے ۔