اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز سے آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات اکبر درانی بھی موجود تھے ۔اس موقع پروفاقی وزیرشبلی فرازکو ٹکا خان نے کوروناوبا اورلاک ڈائون کے دوران اخبار فروشوں کی مالی مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ مستحق اخبار فروشوں کی ایک فائل وزارت اطلاعات کوجمع کرا دی ہے اور اس سلسلے میں حکومتی عہدیداروں سے متعدد ملاقاتیں کر چکا ہوں۔ ٹکا خان نے بتایا کہ وزارت اطلاعات کے ساتھ ساتھ وفاقی وزیر اسد عمر نے بھی اخبار فروشوں کی مالی امداد کی یقین دہانی کرائی ہے جس پر وفاقی وزیر شبلی فراز نے سیکرٹری اطلاعات اکبر درانی کو ہدایت کی کہ اخبار فروشوں کی فائل پر ضروری کارروائی کرکے فوری طور پر وفاقی وزیر اسد عمر کو بھیج دی جائے تاکہ اخبار فروشوں کی بروقت امداد کو ممکن بنایا جا سکے ۔ وفاقی وزیر شبلی فرازنے کہا کہ اخبار فروشوں کا میڈیا انڈسٹری میں ایک اہم کردار ہے جس کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ اخبار فروشوں کے مسائل حل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور ہم اس سلسلے میں اپنا کردارادا کرتے رہیں گے ۔