مکرمی !آئے روز اخبار میں پڑھتے تھے کہ فیصل آباد میں چوریاں ڈاکے بڑھ گئے ہیں۔ گزشتہ روز میں بھی اسی حادثے کا شکار ہوا۔ دفتری امور سرانجام دے کر واپسی پر دو موٹر سائیکل سوار ڈاکو گن پوائنٹ پر مجھ سے کچھ رقم اور قیمتی دستاویزات لوٹ کر فرار ہو گئے، اللہ کا شکر ہے کہ میری جان محفوظ رہی مگر جو واقعات نظروں سے گزرتے ہیں ان میں کسی نہ کسی کی جان بھی چلی جاتی ہے۔ متعلقہ سکیورٹی اداروں کو ان حالات پر مکمل نظر رکھنی چاہئے۔ جو لوگ ان واقعات میں ملوث رہے یا ضمانت پر رہا ہو گئے ان کو بھی تھانہ میں حاضری کا پابند ہونا چاہئے تاکہ کسی کی قیمتی جان ضائع نہ ہو اور شہری پرامن زندگی گزار سکیں۔ ندیم اقبال، فیصل آباد