لاہور(سپورٹس رپورٹر) قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے چھٹے راؤنڈ کے تیسرے روز بلوچستان کی ٹیم فالو آن کا شکارہو گئی جبکہ سندھ اور خیبرپختونخوا کے درمیان میچ کا تیسرا روز بارش کی نذر ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق بگٹی سٹیڈیم کوئٹہ میں سدرن پنجاب کے 502 رنز کے جواب میں بلوچستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں295 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عمید آصف نے پانچ آئوٹ کئے ۔ فالو آن کا شکاربلوچستان کی ٹیم کودوسری اننگز میں بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔دن کے اختتام پر 30 کے مجموعی سکور پر بلوچستان کے 2 کھلاڑی آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ چکے ہیں۔ اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں ناردرن اور سنٹرل پنجاب کے درمیان میچ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوگیا۔میچ میں ناردرن کو جیت کے لیے 260 رنز جبکہ سنٹرل پنجاب کو 5وکٹیں درکار ہیں۔ چھٹے راؤنڈ کے تیسرے روز بارش کے باعث ایبٹ آبادکرکٹ سٹیڈیم میں کھیل کا آغاز نہ کیا جاسکا۔ سندھ نے پہلی اننگز میں خیبرپختونخوا کے 288 رنز کے جواب میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنارکھے ہیں۔