اسلام آباد (ملک سعید اعوان ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کا عمل مکمل ہو گیا ، قائمہ کمیٹی کے چیئرمینوں کو چاررکنی سٹاف ، 1300سی سی نئی گاڑی سمیت 70ہزار سے زائد کی اضافی مراعات اور اعزازیہ دیا جائیگا جبکہ ارکان کمیٹی کو اجلاس میں شرکت پر 3سے 5ہزار روپے تک ٹریولنگ اور سپیشل الائونس ملے گا ۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی چیئرمین شپ حاصل کرنے والے ارکان کی مراعات میں مزید اضافہ ہو گیا جبکہ کمیٹی کے ارکان کو بھی اضافی مراعات حاصل ہو نگی ۔ ارکان پارلیمنٹ کے مراعات اور الائونس سے متعلق بل کلاز13اے کے مطابق قائمہ کمیٹی کے چیئرمینوں کو 1300سی سی گاڑی ،360لیٹر پیٹرول ،دفتر، گریڈ 17کا پرائیوٹ سیکرٹری، گریڈ15کاا سٹینو ٹائپسٹ ،سرکا ری گاڑی کیلئے ڈرائیور اوردفتری امور کیلئے ایک نائب قاصد دیا جائیگا، قائمہ کمیٹی چیئرمینوں کوقانون کے مطابق اضافی مراعات بھی حاصل ہونگی جسکے تحت چیئرمین کو 12ہزار700روپے ماہانہ اعزازیے کیساتھ 10ہزار روپے ماہانہ دفتر کے ٹیلیفون اور 5ہزار روپے گھر کے ٹیلی فون کی سہولت میسر ہو گی ، چیئرمین کو دفتر ی اخراجات کی مد میں8ہز ار کی چھوٹ ہو گی جبکہ اضافی اخراجات چیئرمین کو اپنی جیب سے دینا ہونگے ۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی کو سرکاری گاڑی کو پورے پاکستان میں ٹریول کی جازت ہو گی تاہم پیٹرول کے اضافی اخراجات چیئرمین کو خود کرناہونگے جس کیلئے پاکستان سٹیٹ آئل کا خصوصی کارڈ دیاجائیگا ، چیئرمین کوقائمہ کمیٹی میں شرکت کیلئے تین ہزار روپے سپیشل ٹریولنگ اور 1750روپے عارضی ٹریولنگ الاؤنس بھی ملے گا جبکہ بطور رکن قومی اسمبلی تنخواہ سمیت سالانہ اور ریلوے سفر کی الگ مراعات ملتی رہیں گی جبکہ قائمہ کمیٹیوں کے ممبران کو کمیٹی اجلاس میں شرکت پر یومیہ تین ہزار روپے الائونس دیا جائیگا۔