لاہور(سپورٹس رپورٹر) نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کی تیاری کے لئے قومی کرکٹ ٹیم نے گزشتہ روز پنڈی سٹیڈیم میں انٹر سکواڈ پریکٹس میچ کھیلا، شام کو شروع ہو نے والے اس پریکٹس میچ کے لیے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو دو ٹیموں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ٹیم وائیٹ کی قیادت بابراعظم اور ٹیم گرین کی قیادت شاداب خان نے کی۔ میچ چالیس چالیس اوورز کی اننگز پر مشتمل تھا۔ ٹیم وائیٹ میں بابراعظم کے علاوہ عبداللہ شفیق، سعود شکیل، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد وسیم جونیئر، حسن علی، عثمان قادر اور محمد حسنین شامل تھے ۔ ٹیم گرین میں شاداب خان کے علاوہ امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان اور افتخار احمد ، فہیم اشرف، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور زاہد محمود شامل تھے ۔میچ میں ٹیم وائٹ نے پہلے بیٹنگ کی۔