لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )صوبائی دارلحکومت میں گزشتہ روز موسم جزوی ابر آلود رہاجبکہ صبح کے اوقات میں بارش بھی ہوئی ، سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی دن بھر جاری رہی ، محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، کشمیر کے بیشتر اضلاع میں بارش ہوئی، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بدھ کے روز ملک کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، خیبر پختونخواہ ، اسلام آباد، پنجاب ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پرتیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ دریں اثنا محکمہ موسمیات پاکستان نے شہریوں کو موسم کی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لئے سوشل میڈیا پر انحصار کرنے کی بجائے مصدقہ ذرائع سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان نے کہا سوشل میڈیا پر موسم کے بارے میں کی جانے والی پیشگوئی پر یقین نہ کریں بلکہ محکمہ موسمیات کے ٹیلی فون نمبرز، ویب سائٹ اور ایپ سے رجوع کیا جا سکتا ہے ۔