لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد عثمان کی سربراہی میں آپریشن ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے آلائشوں سے آئل تیار کرنے پر2فیٹ رینڈرنگ یونٹس سیل کر دیے ۔جانوروں کی آلائشوں اور چربی سے تیار کردہ 6ہزارلٹرتیل برآمد کر کے ضبط کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں آپریشن ٹیموں نے بڑی کارروائی کے دوران جانوروں کی آلائشوں اور چربی سے تیار کردہ 6ہزارلٹرتیل برآمدکر لیا۔فوڈ سیفٹی ٹیموں نے بند روڈ کے علاقے میں آلائشوں سے آئل تیار کرنے پر2فیٹ رینڈرنگ یونٹس سیل کر دیے ۔اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ قربانی پر جمع کی گئی بدبودار آلائشوں سے مضر صحت آئل تیار کیا جا رہا تھا۔آلائشوں سے نکلا تیل بہت زیادہ سفید اور گاڑھا ہونے کے باعث استعمال شدہ تیل میں حل ہو کر اسے نئے جیسا بنا دیتا ہے ۔فیٹ رینڈرنگ یونٹس میں آلائشوں سے تیار شدہ آئل کو استعمال شدہ آئل میں ملا کر کے دوبارہ فروخت کیا جا تا تھا۔بائیو ڈیزل کمپنی کو آئل نہ دینے اور سپلائی ریکارڈ کی عدم موجودگی پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔