لاہور(اپنے رپورٹر سے )پنجاب حکومت کی جانب سے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019ء کے تحت علاقوں کی حد بندی اور درجہ بندی کر نے کے لئے شیڈول جاری کر دیا ۔ شیڈول پر بروقت عمل درآمد کے لئے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق حد بندی اور درجہ بندی کی ابتدائی تجاویز 25ستمبر تک تیار کی جا ئیں گی ۔26ستمبر تک ان تجاویز کو عام شہریوں کے لئے آویزاں کر کے 25اکتوبر تک شہر یوں کے اعتراضات دائر کر نے اور ان پر فیصلوں کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ اس کے بعد 2نومبر تک حد بندی اور درجہ بندی کو حتمی شکل دی جائے گی۔ مزید برآں درجہ بندی اور حد بندی پر مامور افسران کی 25اکتوبر تک ہفتہ کی چھٹی منسوخ کر دی گئی ہے ۔ اس کے بعد 2نومبر تک کے دوران آنے والی اتوار کی چھٹی بھی منسوخ ہوگی۔