اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی، لیڈی رپورٹر، اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بدعنوانی کو غربت کی ایک بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بدعنوانی کے انسداد اور غربت کے خاتمے کے لئے مختلف اقدامات کر رہی ہے ، عوام کو تعلیم اور صحت کی بہتری سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا کر لوگوں کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لائی جا سکتی ہے ، لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سے ہی نئے پاکستان کی تشکیل ممکن ہے ، احساس پروگرام غربت کے خاتمہ میں معاون ثابت ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز اسلام آباد کے زیر اہتمام غربت کے خاتمے سے متعلق ایک روزہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہاکہ ماضی میں غربت سمیت بڑے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل نہیں کیا گیا، عوام کو غربت سے نکال کر معاشرے کافعال شہری بنایا جا سکتا ہے ۔ لوگوں کی بڑی تعداد کو غربت کاشکار دیکھ کر دکھ ہوتا ہے ، نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور پیشہ وارانہ تربیت کی فراہمی سے غربت جیسے مسائل سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے ۔ قبل ازیں خطاب میں مقررین نے پاکستان سے غربت کے خاتمہ کیلئے احساس پروگرام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمہ کا یہ پروگرام پاکستانی معاشرے کے پسماندہ اور غریب طبقات کی بہتری کیلئے مددگار ثابت ہوگا۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا احساس پروگرام غربت کے خاتمے کے لئے منفرد پروگرام ہے ۔شفقت محمود نے کہا کہ احساس ایک اشتراکی پروگرام ہے اور وزرات برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے اپنے اہداف ہیں۔ اعزاز چودھری نے کہا کہ غربت انسانیت کی بہت بڑی دشمن ہے ، چین نے 70 کروڑ عوام کو غربت سے نکال کر ایک مثال قائم کی۔ اس موقع پرچین کے ڈپٹی چیف آف مشن لائی جیان ژائو، دانشور اور ماہرین تعلیم بھی موجود تھے ۔