پشاور(خبرنگار) صوبے کے سب سے بڑے تدریسی ہسپتال لیڈی ریڈنگ کی انتظامیہ نے اوپی ڈی، ادارہ جاتی پریکٹس بند کرنے کے بعد لوگوں کے ہسپتال میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے ، صرف ایمرجنسی میں مریضوں کو طبی خدمات فراہم کی جائیں گی،غیر ضروری طور پر ہسپتال میں داخل مریضوں کو ڈسچارج کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے ،ہسپتال میں داخل مریض میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد انتظامیہ نے او پی ڈی بند کرد ی،ہسپتال میں سکینڈ شفٹ میں ادارہ جاتی پریکٹس پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے ، ہسپتال کے تمام گیٹس بند رکھے جائیں گے تاہم مخصوص گیٹ کھلا رہے گا،ملازمین کے ہسپتال میں داخل ہونے کے لئے ان سے ہسپتال کارڈ طلب کیا جائیگا،ہسپتال میں آپریشن صرف ان ہی مریضوں کے کئے جائیں گے جن کی حالت تشویشناک ہو گی ،ہسپتال میں غیر ضروری طور پر داخل مریضوں کو فوری طور پر ڈسچارج کیا جائے گا اور دیگر الیکٹیو سروسز بھی معطل رہیں گی تاہم ہسپتال کی ایمرجنسی کھلے رہی گی اور صرف ایمرجنسی کے مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔