اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی نے کہا ہے کہ عمران خان نے آتے ہی عام آدمی کی زندگی سہل کرنے کیلئے سٹیزن پورٹل کا اجراء کیا، عوامی شکایات کا ازالہ کرنے کیلئے ہمیں سخت پابند کیا گیا،تیرہ لاکھ میں سے بارہ لاکھ شکایات کا ازالہ ہو چکا ہے ،سمگلنگ بند کرکے انڈسٹریل سیکٹر کو اوپر لے کر جائیں گے ۔بدھ کو وزیر مملکت علی محمد خان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اعظم سواتی نے کہا کہ لوگوں کو سٹیزن پورٹل کے ذریعے ریلیف دیا جارہا ہے ۔وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ عام آدمی کیلئے بے پناہ مسائل ہیں، ہم نے ان کو سہل بنانا ہے ،جب پاکستان بھر سے ہمارے پاس درخواستیں اکٹھی ہوگئیں تو ہم خود مختلف صوبوں میں گئے اور ازالہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ جب ہم شکایات کے ازالے کیلئے کوئٹہ گئے تو وہاں کے لوگ بہت خوش ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ آپ کا وزیراعظم آپ کی شکایات سنے اوریہ شکایات حل ہوں۔