کراچی (کامرس رپورٹر)مالی سال 19ء کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانی کارکنوں نے 21.84 ارب ڈالر کی ترسیلات بھیجیں۔ گزشتہ روزجاری بیان کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانی کارکنوں نے مالی سال 19ء کے دوران 21,841.50 ملین امریکی ڈالر وطن بھجوائے جو گذشتہ برس کے دوران موصول ہونیوالے 19,913.55 ملین ڈالر کے مقابلے میں 19.68 فیصد نمو کو ظاہر کرتا ہے ۔جون 2019ء میں کارکنوں کی ترسیلات زر کی مالیت 1,650.52ملین ڈالر رہی جو مئی 2019ء کے مقابلے میں 28.72 فیصد کم جبکہ جون 2018ء کے مقابلے میں1.40 فیصد زائد ہے ۔ بلحاظ ملک جون 2019ء کی تفصیلات سے پتہ چلتا ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکہ، برطانیہ، خلیج تعاون کونسل کے ملکوں(بشمول بحرین، کویت، قطر اور عمان) اور یورپی یونین کے ملکوں سے بالترتیب334 ملین ڈالر، 356.03 ملین ڈالر، 276.76 ملین ڈالر، 268.97 ملین ڈالر، 163.46ملین ڈالر، اور 52.49 ملین ڈالر پاکستان بھجوائے گئے ،جبکہ جون 2018ء میں ان ملکوں سے آنیوالی رقوم بالترتیب 336.61ملین ڈالر، 345.31 ملین ڈالر، 260.32 ملین ڈالر ،260.25 ملین ڈالر، 163.53ملین ڈالر اور 62.16 ملین ڈالر تھیں۔ جون 2019ء میں ملائشیا، ناروے ، سوئٹزر لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ملکوں سے آنے والی ترسیلات زر مجموعی طور پر198.81 ملین ڈالر رہیں جبکہ جون 2018ء میں ان ملکوں سے 199.47 ملین ڈالر موصول ہوئے تھے ۔