لاہور(وقائع نگار،92نیوزرپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ مالیاتی امور میں شفافیت حکومت پنجاب کا طرہ امتیاز ہے ۔ ترقیاتی منصوبوں میں مالیاتی ڈسپلن نافذ کرنے سے کروڑو ں روپے بچائے ہیں ۔پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا ۔آڈیٹر جنرل آف پاکستان اجمل گوندل نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ سے ملاقات کی،اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں اعلیٰ معیار اور فنڈز کے بروقت استعمال کویقینی بنانے کے لئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کانظام متعارف کرایا ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے اقلیتی برادری کیلئے ملازمتوں کے مختص 5 فیصد کوٹے پر 100فیصد عملدرآمد کرانے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں ۔اقلیتی برادری کی فلاح وبہبود کیلئے رواں مالی سال 2ارب 50کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔تاریخ میں پہلی بار اقلیتوں کیلئے ہائرایجوکیشن میں 2فیصد کوٹہ مقر ر کیا ہے اور2فیصد کوٹہ سے اقلیتی طلبہ پربہترین کالجوں او ریونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھل گئے ہیں۔بعدازاں انہوں نے تحریک انصاف کے بانی کارکن رانا اختر حسین کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کااظہارکیااوراپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہار کیا اور رانا اختر حسین کی پارٹی کے لئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔علاوہ ازیں انہوں نے شہید پائلٹ مریم مختیار کی برسی پر پیغام میں کہا کہ مریم مختیار ایک بہادر ہوابازتھیں ۔قوم کی دلیر بیٹی شہید مریم مختیار پر ہر پاکستانی کو فخر ہے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے فیروز والا کے نواحی علاقے میں ایک ہی خاندان کے 4افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کر لی۔بعدازاں انہوں نے خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین پر تشدد خلاف انسانیت فعل ہے ۔خواتین پر تشدد معاشرتی برائی اور قانوناً جرم ہے ۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی رہائش گاہ گئے اوروزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے ان کے بڑے بھائی کی وفات پر ان سے تعزیت کااظہارکیا۔