لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس بالخصوص یوم عاشور کی سکیورٹی کیلئے جدید ٹیکنالوجی سمیت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے تاکہ عزادار بلا خوف وخطر اور پریشانی کے اپنی عبادات اور مذہبی فرائض سر انجام دے سکیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ یوم عاشور پر سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز، سی پی اوز اورڈی پی اوز خود فیلڈ میں موجود رہیں گے اور حساس جلوسوں و مجالس کے سکیورٹی انتظامات کے دوران جہاں ضرورت محسوس ہوئی وہاں ڈرون کیمروں کے ذریعے فضائی نگرانی کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہاکہ دوران ڈیوٹی موبائل فون کے استعمال پر پابندی کا مراسلہ صرف پولیس اہلکاروں کیلئے جاری کیا گیا ہے تاکہ پولیس اہلکار مزید تندہی اور توجہ کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دیتے ہوئے عوامی خدمت اور تحفظ کا فریضہ سر انجام دے سکیں جبکہ میڈیا نمائندگان یا عام شہریوں پر اس مراسلے کا اطلاق ہر گز نہیں ہوتا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں نویں محرم کے مرکزی جلوس کے سکیورٹی انتظامات کاجائزہ لینے کے بعد میڈیا نمائندگا ن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔